کامیاب پاکستان پروگرام نچلے طبقے کو اوپر اٹھائے گا، فرخ حبیب  

Successful Pakistan program will uplift the lower class, Farrukh Habib
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام نچلے طبقے کو اوپر اٹھائے گا، 60 لاکھ خاندانوں کو 5 لاکھ بلا سود قرضے دیں گے۔

فرخ حبیب کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قوم سے وعدے کے مطابق عوام دوست بجٹ پیش کیا۔ ہم نے حکومتی اخراجات کو کم کیا اور آمدن بڑھائی۔ ن لیگ ملک کو قرضوں میں پھنسا کر گئی تھی۔ ن لیگ 1500 ارب سود کی قسطیں ادا کرتی تھی، لیکن ہماری حکومت 3000ارب قسطیں ادا کر رہی ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والوں کو 20 لاکھ تک جبکہ کاشتکار کو بلا سود ڈیڑھ لاکھ کا قرض دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بجٹ میں مختلف ڈیمز کے لیے رقم رکھی گئی ہے۔ این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کا بڑا حصہ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گروتھ جاری ہے لیکن اپوزیشن کو یہ نظر نہیں آ رہی۔ احساس پروگرام میں 34 فیصد اضافہ کیا ہے۔ احساس پروگرام کو 210 ارب سے 262 ارب کر دیا گیا ہے۔ ہم اس پروگرام کے تحت 50 ہزار سکالرشپ دے رہے ہیں۔

انہوں نے یوٹیلٹی سٹور پر سبسڈی کا پائلٹ پروجیکٹ شروع ہو چکا ہے۔ بجٹ میں لائیو سٹاک کے لیے پیسے رکھے گئے ہیں۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بجٹ سے مزدور اور کسان سمیت عام آدمی کو فائدہ ہوا۔ مہنگائی نے جتنا اوپر جانا تھا جا چکی، اب نیچے آنے کا وقت ہے۔