لاہور: سمارٹ فون کا مسلسل استعمال بے تحاشا نقصانات کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ سر درد اور آنکھوں میں جلن نوجوانوں عام بیماری بنتی جا رہی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سمارٹ فون کا زیادہ استعمال کرنے سے انسانی صحت کے لیے بڑے خطرات پیدا ہو چکے ہیں۔ لہٰذا اس کا استعمال کم سے کم کر دیا جائے۔
کام پر اثر انداز
سمارٹ فون کا بے دریغ استعمال ہماری زندگی کو بری طرح متاثر کر رہا ہے، اس سے رووٹین خراب ہو چکی ہے۔ زیادہ فون استعمال کرنے والے افراد میں نیند نہ آنے کی بیماری بھی جنم لے رہی ہے۔ ایسے افراد دیر سے سوتے ہیں، اس لئے اپنی نوکریوں اور کاروبار کی ذمہ داریاں وہ احسن طریقے سے سرانجام نہیں دے پاتے۔
مایوسی اور افسردگی
سوشل میڈیا کی لائف میں مصروف لوگ اس قدر حساس ہو چکے ہیں کہ جب انھیں کوئی میسج نہیں کرتا یا ان کی پوسٹ پر تبصرہ نہیں کرتا تو انھیں لگتا ہے کہ ان کو لوگ پسند نہیں کر رہے، یہ صورتحال ان میں مایوسی اور افسردگی پیدا کر دیتی ہے۔
تنہائی کا احساس
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسے بچے جو سمارٹ فون کا استعمال زیادہ کرتے ہیں ان میں تنہائی کی علامات پیدا ہو سکتی ہیں۔
آنکھوں میں جلن
چین میں ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سمارٹ فون کو زیادہ طویل تک دیکھنے سے آنکھوں میں جلن شروع ہو جاتی ہے، اگر فوری طور پر اس کے علاج پر توجہ نہ دی جائے تو نظر کمزور ہو جاتی ہے۔
حادثات
دنیا بھر سے آئے دن میڈیا پر یہ رپورٹس آتی رہتی ہیں کہ موبائل فون میں گم افراد کو کوئی نہ کوئی حادثہ پیش آ گیا ہے۔ دراصل ایسے افراد موبائل فون میں اس قدر گم ہوتے ہیں کہ انھیں اپنے ارگرد کا احساس نہیں ہوتا اور وہ دوسروں کیساتھ خود کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ پیدل چلتے ہوئے یا دوران ڈرائیونگ اس کا استعمال بڑے حادثات کا سبب بن جاتا ہے۔
سردرد
سمارٹ فون زیادہ استعمال کرنے سے سر درد کی بیماری اب عام ہو چکی ہے۔ موبائل سے نکلنے والی نقصان دہ شعاعیں ہماری آنکھوں سے داخل ہو کر ہمارے دماغ کو متاثر کرتی ہیں جس کی وجہ سے سر درد ہونے لگتا ہے۔