اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے احساس پروگرام کی قسط بڑھا کر 13 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا ہے، خیال رہے کہ اس سے قبل یہ رقم 12 ہزار روپے تھی جس میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس بات کا اعلان وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کیا۔ ان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کی روزشنی میں احساس پروگرام کی قسط بارہ ہزار سے بڑھا کر اب ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر اسے اب 50 اضلاع تک لے جایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ تقریباً 150 احساس نشوونما سینٹرز بھی کھولے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے احساس تعلیمی وظائف پالیسی کو پورے میں پھیلا دیا ہے، اب کوئی بھی مستحق طالبعلم کو ضرورت کے پیش نظر وظیفہ دیا جائے گا، اسے اس میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اعلان کیا کہ احساس پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 1 کروڑ کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ احساس پروگرام وزیراعظم عمران کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے عالمی وبا کورونا کے دوران بہت سے غریب خاندانوں کے گھر کے چولہے جلے۔
عوام وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کو دل وجان سے سراہتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے اس پروگرام کے تحت ملنے والی رقم میں اضافے پر بھی انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔