ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 6) کے انیسویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز کی واضح شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ گلیڈی ایٹرز اس ایونٹ میں صرف ایک میچ ہی جیت سکے ہیں۔
پشاور زلمی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں اپنے مدمقابل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 198 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔
تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 136 رنز ہی سکور کر سکی۔
گلیڈی ایٹرز کو سب سے پہلا نقصان فاف ڈوپلیسی کی صورت میں اٹھانا پڑا جو دوران فیلڈنگ زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کر سکے۔ ان کی جگہ صائم ایوب نے اننگز شروع کی جو صرف 35 رنز بنا سکے۔
عثمان خان نے بھی 28 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی وکٹ فیبین ایلن کے حصے میں آئی۔
جیک ویدر الڈ 13 رنز بنا کر عمید آصف کے ہاتھوں پویلین لوٹے۔ محمد اعظم کوئی رن سکور نہ کر سکے۔ جبکہ محمد نواز نے بھی صفر پر بولڈ ہو کر شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
سرفراز احمد چھتیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، خرم شہزاد نے گیارہ رنز بنائے جبکہ محمد حسنین اور زاہد محمود بھی کوئی سکور نہ کر سکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، عمید آصف اور وہاب ریاض نے 2، 2 اور فیبین ایلن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے تھے۔ کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔
حالانکہ پشاور زلمی کی پہلی دونوں وکٹیں 10 رنز گر چکی تھیں لیکن کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر نے ایک سو پچیس رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنائی، ڈیوڈ ملر نے 46 گیندوں پر 73 رنز جبکہ کامران اکمل نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔
حیدر علی کوئی رن نہ بنا سکے۔ شعیب ملک 2، رومن پاول 43، شیرفین ردرفوڈ نے 10 رنز بنائے۔
گلیڈی ایٹرز کے گیند باز محمد نواز نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ خرم شہزاد اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔