لاہور :پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں کپتان برقرار رکھ کر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔قومی ویمن ٹیم کی 9 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جبکہ پہلی مرتبہ 9 ہی کھلاڑیوں پر مشتمل ایمرجنگ کیٹگری بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
کپتان بسمہ معروف کو اگلے سیزن کے لیے کپتان برقرار رکھا گیا ہے، بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ٹیم کو مزید کامیابیوں کی طرف لیکر جائیں گی، نئی کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ ملنا اور ایمرجنگ کیٹگری متعارف کرانا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ ملنے سے دیگر کھلاڑی بھی متحرک ہوں گی جبکہ کھلاڑیوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مزید اچھا کھیلیں گی۔
قومی ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں میں انعم امین اور عمیمہ سہیل سینٹرل کنٹریکٹ میں پہلی مرتبہ شامل ہوئی ہیں ، ویمن کرکٹرز کہتی ہیں کہ ا ن کا ہدف ٹیم میں مستقل جگہ بنا کر اچھا پرفارم کرنا ہے۔ پہلی مرتبہ متعارف کرائی جانے والے ایمرجنگ کیٹگری کا حصہ بننے والی کائنات حفیظ کا کہنا ہے کہ اس سے نئی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی ، ملک کا نام روشن کرنا ان کاہدف ہے۔