لاہور:برصغیر کے نامور غزل گائیک استاد مہدی حسن کو اپنے مداحوں سے بچھڑے سات برس ہو گئے، انہیں ان کی خوبصورت گائیکی کی بدولت شہنشاہ غزل کا خطاب دیا گیا۔
خوبصورت اور مدھر آواز کے مالک شہنشاہ غزل 1927 کو بھارتی ریاست راجھستان میں پیدا ہوئے، انہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد استاد عظیم علی خان سے حاصل کی، 1947 ءکی پاک بھارت تقسیم کے بعد ان کا گھرانا ہجرت کر کے پاکستان آ گیا۔
پاکستان آ کر انہوں نے سائیکلوں کی مرمت کا کام شروع کیا تاہم 1950 ءمیں انہوں نے ریڈیو پاکستان سے باقاعدہ گائیکی کا آغاز کر دیا، ان کے گائے ہوئے گانے اس وقت کے تقریبا تمام نامور فلم ہیروز پر فلمائے گئے جن میں وحید مراد، محمد علی، ندیم اور سنتوش کمار کے نام قابل ذکر ہیں۔
ان کی گائیکی کے میدان میں بے شمار خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغہ امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسن کا کردگی سے بھی نوازا گیا۔
استاد مہدی حسن 13 جون 2012 ءکو کراچی میں رحلت فرما گئے تھے۔