کینیڈا کو ٹروڈو کی تنقید کی بھاری قیمت چکانا ہوگی، ٹرمپ

12:58 AM, 13 Jun, 2018

نیویارک :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو نے انہیں تنقید کا نشانہ بنانے سے ’سبق سیکھ لیا‘ ہے اور کینیڈا کو اس کی ’بھاری قیمت چکانا‘ پڑے گی۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کے ساتھ مذاکرات کے بعد نیوز کانفرنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے جسٹن ٹروڈو کے ساتھ ان کے حالیہ سخت جملوں کے تبادلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے رہنما کو شاید معلوم نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایئر فورس ون میں ٹیلی وژنز بھی ہیں جس کے ذریعے وہ جی 7 سمٹ کے اختتام پر ٹروڈو کی نیوز کانفرنس پر نظر رکھ سکتے تھے۔

قبل ازیں جسٹس ٹروڈو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکا کے اسٹیل اور ایلمونیم کی در آمدات پر امریکی ٹیرف کی وضاحت کے لیے قومی سلامتی کو درمیان میں لانا کینیڈا کے سابق فوجیوں جنہوں نے عالمی جنگ کے درمیان امریکا کا ساتھ دیا تھا کے لیے انتہائی تضحیک آمیز تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی عوام انتہائی نرم مزاج ہے تاہم ہمیں دھکیلا نہیں جاسکتا ، ٹروڈو کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح کردیا ہے کہ یہ افسوس کے ساتھ ہوگا لیکن یہ انتہائی واضح اور مستحکم طور پر ہوگا کہ ہم آگے بڑھتے ہوئے یکم جولائی کو جوابی اقدامات کریں گے اور اتنے ہی ٹیرف لگائیں گے جتنے امریکیوں نے غیر منصفانہ طور پر ہم پر لگائے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے جرمن چانسلر و دیگر کے ہمراہ وائرل ہونے والی فوٹو پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اس وقت کھینچی گئی جب وہ تبدیلی کے انتظار میں تھے جس میں انہوں نے سرکاری اعلامیے میں تجارت ختم کرنے کا کہا تھا  ،۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگرچہ تصویر میں دوستانہ ماحول نہیں لگ رہا تاہم یہ انتہائی دوستانہ ماحول تھا۔
 

مزیدخبریں