فنی خرابی،امریکہ نے جدید لڑاکا طیارے ایف35گراﺅنڈ کر دئیے

05:23 PM, 13 Jun, 2017

واشنگٹن:امریکی ایئر فورس کے ترجمان نے کہاہے کہ انہوں نے جدید لڑاکا طیارے ایف 35 گرانڈ کر دئیے ہیں، اس تعطل کا مقصد یہ ہے کہ ایئر فورس کے ماہرین اور ڈاکٹر، آکسیجن کی فراہمی کے مسئلے کو حل کر لیں جس کا پائلٹوں کو سامنا ہو سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کے بنائے ہوئے جدید ترین لڑاکا جیٹ طیاروں ایف 35 کو آئندہ حکم تک کے لیے گراﺅنڈ کر دیا گیا ہے۔
یہ طیارے دشمن کے ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔امریکی ایئر فورس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا کہ طیاروں کو گراﺅنڈ کرنے کی وجہ پائلٹ کے لیے آکسیجن کی فراہمی کے نظام کی خرابی ہے۔ایری زونا کے ایئر بیس سے ان طیاروں کی تربیتی پروازیں طے تھیں، لیکن خرا بی سامنے آنے کے بعد پروازوں کوموخر کر دیا گیا۔
یہ کہا گیا کہ تربیتی پروگرام پر عمل درآمد تا حکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اس تعطل کا مقصد یہ ہے کہ ایئر فورس کے ماہرین اور ڈاکٹر، آکسیجن کی فراہمی کے مسئلے کو حل کر لیں جس کا پائلٹوں کو سامنا ہو سکتا ہے۔کمپنی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ وہ اس مسئلے کے حل میں ایئر فورس کی مدد کریں گے۔


طیارہ ساز کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے کہا کہ وہ اس مہینے پیرس کے ایئر شو میں ایف 35 جیٹ طیارے کی نمائش کا ارادہ رکھتی ہے۔پچھلے سال کی آخری سہ ماہی میں لاک ہیڈ کی کل آمدنی کا 37 فی صد ایف 35 طیاروں کی فروخت سے حاصل ہوا تھا۔ اسے ہوا بازی سے متعلق آلات کی فروخت سے اس سہ ماہی میں مجموعی طور پر 4 ارب 11 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے تھے۔
لاک ہیڈ مارٹن کمپنی اپنے مرکزی شراکت داروں نارتھ راپ کارپوریشن، یونائیٹڈ ٹیکنالوجیز کارپوریشن، پریٹ اینڈ ویٹنی اور بی اے ای سسٹمز کے ساتھ مل کر امریکی فضائیہ اور اس کے 10 اتحادیوں کے لیے ایف 35 جیٹ طیارے تیار کررہی ہے۔
اب تک 220 سے زیادہ ایف 35 طیارے تیار کرکے دنیا بھر میں فراہم کیے جا چکے ہیں جو مجموعی طور پر 95000 گھنٹوں سے زیادہ پروازیں کرچکے ہیں۔یہ طیارے ابھی تک کسی جنگی میدان میں استعمال نہیں ہوئے.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

مزیدخبریں