لاہور: محکمہ اوقاف پنجاب نے حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر اعتکاف پر بیٹھنے والے خوش نصیبوں کی فہرست آویزاں کر دی ہے۔ اس مرتبہ ماہ رمضان کے دوران 2400 فرزندان اسلام صرف داتا دربار کی مسجد میں اعتکاف پر بیٹھیں گے۔
اس سے قبل جتنے بھی شہریوں نے اعتکاف پر بیٹھنے کے لئے درخواستیں دائر کر رکھی تھیں ان کی باقاعدہ خفیہ معلومات بھی حاصل کی گئیں جس کے بعد فہرست میں شامل 2400 خوش نصیبوں کو اعتکاف کے لئے کلیئر قرار دیا گیا۔
ملک بھر کی بڑی مساجد میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
یاد رہے ماہ صیام کا دوسرا عشرہ مکمل ہونے پر 20 رمضان المبارک کو لاکھوں فرزندان اسلام ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھ جاتے ہیں۔ اعتکاف بیٹھنے والے افراد چاند رات تک مساجد میں قیام کریں گے اور خشوع و خضوع کے ساتھ قرآن پاک کی تلاوت، ذکر و اذکار اور نوافل کی ادائیگی میں مصروف رہیں گے جب کہ خواتین گھروں میں اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں