جے آئی ٹی کا روز نیا ایشو سپریم کورٹ کے گلے نہ پڑ جائے، رانا ثناء اللہ

03:46 PM, 13 Jun, 2017

لاہور: صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جے آئی ٹی متنازع ہوتی جا رہی ہے تصویر لیک ہونے کا معاملہ تشویشناک اور افسوسناک ہوتا جا رہاہے۔ تصویر لیک کر کے شریف فیملی کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔  جے آئی ٹی کا روز نیا ایشو کہیں سپریم کورٹ کے گلے نہ پڑھ جائے۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی 50 سال کا ریکاڈ 24 گھنٹے میں مانگا رہی ہے جبکہ انکوائری ایسی نہیں ہوتی کہ بچوں کے سکول کے سرٹیفکیٹ مانگے جائیں اگر جے آئی ٹی کو شریف فیملی پر پی ایچ ڈی کرنی ہے تو شہباز شریف کو بلا لیں جو معلومات شہباز شریف سے مل سکتی ہے وہ اور کہیں سے بھی نہیں کیونکہ شہباز شریف جے آئی ٹی کے سامنے کافی گھنٹے بیٹھ سکتے ہیں۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ میں پاناما لیکس عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ مختلف اداروں کا ریکارڈ تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ جے آئی ٹی کے حوالے کرنے میں پس و پیش سے کام لیا جا رہا ہے۔ سماعت کے دوران جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ کو تصویر لیکس معاملے پر رپورٹ پیش کی، جس کا ججز نے جائزہ لیا۔

یاد رہے کہ رواں برس 20 اپریل کو سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کے تاریخی فیصلے میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید تحقیقات کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اعلیٰ افسر کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا۔

مزیدخبریں