اسلام آباد: سپریم کورٹ کے باہر لیگی رہنماؤں کی مورچہ بند ہوکر عمران خان پر لفظی گولہ باری آج بھی جاری رہی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران حنیف عباسی نے تنقید کرتے ہوئے کہا جمائمہ کی طرف سے آنے والی منی ٹریل عدالت میں نہیں پہنچ سکی اور عمران خان ٹویٹ ٹویٹ کھیلنا بند کریں۔ انہوں نے کہا نتھیا گلی میں بیٹھ کر ملک کے فیصلے نہیں ہو سکتے اور عمران خان سیاسی پارٹیوں کا کچرا لے کر نیا پاکستان بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
طلال چودھری نے بھی توپوں کا رخ عمران خان کی طرف رکھا کہا کپتان کو ان کے جھوٹ پر سزا ضرور ملے گی اور اس وقت وہ اشتہاری اور فراری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان صرف نااہل ہی نہیں سنگسار بھی ہوں گے۔
طلال چودھری نے کہا تصویر لیک کرنے والے کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا اور نام چھپا کر جے آئی ٹی خود بچنا چاہ رہی ہے یا بچانا چاہ رہی ہے۔ جبکہ ٹمپرنگ کا الزام کیس کو طویل کرنے کا ایک بہانہ ہے۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہا فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان اب بھیگی بلی بن رہے ہیں ان کے پاس کوئی منی ٹریل نہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں