ریاض :سعودی عرب اور عرب ممالک کے اچانک قطر سے تعلقات منقطع کرنے کے بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہوٹلوں میں رہائش پذیر ہزاروں قطری شہریوں نے دی گئی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی کمرے خالی کر دیے تھے ،تاہم ہوٹل مالکان کی طرف سے اب یہ بیان سامنے آیاہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں متعدد ہوٹلوں نے اُن تمام قطری شہریوں کی مالی رقوم واپس کر دی ہیں جنہوں نے ان ہوٹلوں میں قیام کیا تھا اور مقررہ مدت سے قبل ہی کوچ کر گئے یا پھر بکنگ کرا لینے کے بعد پہنچنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ یہ بات سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA نے بتائی۔
یہ اقدام مملکت میں سیاحت اور قومی ورثے کی جنرل اتھارٹی کے مطالبے اور اتھارٹی کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خصوصی طور جائزہ لیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بھی برادر قطری شہریوں کے مفادات اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔
سعودی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں باور کرایا گیا تھا کہ مملکت قطر کے برادر عوام کی حمایت اور ان کے امن و امان کے لیے سپورٹ جاری رکھے گی۔سیاحت کی جنرل اتھارٹی نے قطری برادران کی مالی رقوم کی جلد واپسی اور ان کے عدم نقصان پر مذکورہ ہوٹلوں کے ذمے داران کے اقدامات کو گراں قدر قرار دیا ہے.
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔