-
ریاض:سعودی عرب کی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے قطر پر ایک بار پھر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کی مالی معاونت کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا اور سعودی عرب ایک صفحے پر ہیں۔
سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ خطے میں دیرپا امن واستحکام کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں قطر کے سفارتی بائیکاٹ اور امیر کویت الشیخ جابر صباح الاحمد الجابر الصباح، وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب فریقین میں مصالحتی کوششوں پر بھی غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں ترک صدر طیب ایردوآن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جمہوریہ فرانس کے نو منتخب صدر ایمانویل میکرون کی جانب سے ریاض ہونے سے ہونے والے ٹیلیفونک رابطوں اور خلیجی بحران کے پرامن حل کی کوششوں کو سراہا گیا۔
سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ سعودی حکومت، امریکی صدر ٹرمپ کے قطر سے متعلق مطالبے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر نے ایک بار پھر قطر سے دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا ہے۔
بیان میں کہاگیاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا اور سعودی عرب ایک صفحے پر ہیں۔ سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ خطے میں دیرپا امن واستحکام کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے قطری۔سعودی مشترکہ خاندانوں کی کفالت کے لیے خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے اقدامات کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، قطری قوم کو دشمن اور غیر نہیں سمجھتا بلکہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دل میں قطری باشندوں کے لیے محبت واحترام کے جذبات موجود ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.