واشنگٹن: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ ریاست نیو جرسی میں جاری شادی کی ایک تقریب میں بغیر دعوت کے آ دھمکے جس پر دلہا، دلہن اور دیگر شرکاء خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔ شادی کی تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ سی این این کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نیشنل گالف کلب میں جاری شادی کی تقریب میں اچانک بغیر کسی دعوت کے آن پہنچے۔
اس موقع پر صدر نے دلہا اور دلہن کے نام پوچھے اور بعد ازاں ان کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنوائیں۔ ایک عام شہری کی شادی کی تقریب میں صدر مملکت کی شرکت شرکاء کے لیے خوش گوار حیرت تھی اور انہوں نے صدر ٹرمپ کی آمد کا تالیوں سے استقبال کیا۔
Trump made surprise stop at wedding reception last night at Bedminster. The crowd broke out into chants of "USA!" (Video obtained by CNN) pic.twitter.com/sfe6zFdOlI
— Ashley Killough (@KilloughCNN) June 11, 2017
اگرچہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے صدر کی اس طرح کی سرگرمیوں پر کم ہی تبصرہ آرائی کی جاتی ہے مگر شادی کی تقریب میں بغیر دعوت اور سیکیورٹی پروٹوکول کے شرکت پر انہیں تنقید کا بھی سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ بعض شہریوں نے بغیر دعوت کے شادی میں شرکت کو صدر ٹرمپ کی حس لطیف کا نتیجہ قرار دیا ہے۔