کوہاٹ: غیرت کے نام پر والد، بھائی کے ہاتھوں لڑکی قتل

11:34 AM, 13 Jun, 2017

کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ کے علاقے سورگال میں غیرت کے نام پر مبینہ طور پر والد اور بھائی نے 17 سالہ لڑکی کو قتل کر دیا۔ کوہاٹ پولیس کے مطابق مقتولہ کے کچھ عزیزوں نے رپورٹ کی تھی کہ گھر میں ایک لاش پڑی ہے۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں انہیں ایک لڑکی کی گلا دبی لاش ملی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رسی کے ذریعے لڑکی کا گلا دبایا گیا ہے۔

مقتولہ کے والد اور بھائی واقعے کے فوری بعد فرار ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق لڑکی کو مبینہ طور پر ایک لڑکے سے تعلقات قائم تھے جس کی وجہ سے اسے قتل کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاہم آخری رپورٹس آنے تک انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے دادا کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔

پاکستان میں ہر سال عزت اور غیرت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔ عورتوں کے حقوق کے لئے کام کرنیوالی ایک این جی او کی جانب سے سالانہ رپورٹ کے مطابق اس بات کا انکشاف کیا گیا تھا کہ 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے تقریبا 7852 کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ گذشتہ برس غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں