برمنگھم:پاکستان کو شکست دیکر بھارت نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا ٹائٹل جیت لیا۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے فائنل میں انڈیا چیمپئنز نے پاکستان چیمپئنز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ انڈیا چیمپئنز نے پاکستان کا 157 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پاکستان چیمپئنز کے کپتان یونس خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
انڈیا چیمپئنز نے پاکستان کا 157 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بھارت کی جانب سے امبتی رائیڈو 50، گرکریت سنگھ 34 اور یوسف پٹھان نے 30 رنز بنائے، یوراج سنگھ 15، روبن اوتھاپا 10 اور سریش رائنا 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان چیمپئنز کے عامر یامین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سعید اجمل ، وہاب ریاض اور شعیب ملک نے1، 1 وکٹ لی۔
پاکستان چیمپئنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ پر 156 رنز بنائے۔پاکستان چیمپئنز کی جانب سے شعیب ملک نے 41، کامران اکمل نے 24 اور صہیب مقصود نے 21 رنز بنائے۔ مصباح الحق نے 18 اور شرجیل خان نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان یونس خان اور عامر یامین 7 ،7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سہیل تنویر 19 اور شاہد آفریدی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایونٹ میں ہونے والے مقابلے میں پاکستان چیمپئنز نے انڈیا چیمپئنز کو با آسانی 68 رنز سے شکست دی تھی۔