اسلام آباد : آن لائن لون ایپس کے گرد گھیرا تنگ کردیاگیا ہے۔ ا س بارے میں ڈی جی ایف آئی اے نے بڑا حکم دیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے آن لائن قرض کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ایف آئی اے میں آن لائن لون ایپس کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے جس میں ڈی جی ایف آئی اے نے سائبرکرائم ونگ سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے واقعے میں ملوث عناصرکو جلد گرفتارکرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہےکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، قرض کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے سائبرکرائم سرکل راولپنڈی نے متاثرین کو موصول ہونے والی کالزپر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ملزمان کی جانب سے کی جانے والی کالزکا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔گزشتہ روز سائبر کرائم راولپنڈی کی ٹیم نے متاثرہ خاندان کے گھر کا دورہ کیا جس کے بعد اسلام آباد کے علاقے جی ایٹ میں ایف آئی اے نے 2 چھاپے مارے جس میں متعدد لیپ ٹاپس اور کمپیوٹر قبضے میں لیے گئے ہیں۔