توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور، الیکشن کمیشن کی مزید گواہان شامل کرنے کیلئے درخواست دائر ، سماعت کل تک ملتوی

توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور، الیکشن کمیشن کی مزید گواہان شامل کرنے کیلئے درخواست دائر ، سماعت کل تک ملتوی
سورس: File

اسلام آباد:  الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں مزید گواہان کو شامل کرنے کیلئے درخواست دائر کردی۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست  منظور کرلی جبکہ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا سے پیر کے روز درخواست پر دلائل طلب کرلیے ہیں۔ 

ایڈیشنل سیشنز جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت کی۔ بیرسٹر گوہر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں مزید گواہان کو شامل کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس کو ہفتے کے روز سماعت کیلئے مقرر کررہا ہوں۔ بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ پیر والے روز ہو جائے تو بہتر ہوگا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن ہفتے کے روز جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء پیر کے روز مزید گواہان شامل کرنے سے متعلق درخواست پر دلائل دے دیں۔

الیکشن کیمیشن کے وکیل امجد پرویز نے نے استدعا کی کہ ہم جمعہ 14 جولائی کو دلائل دینا چاہتے ہیں،  15 جولائی کو کچھ مصروفیات ہیں۔ عدالت نے الکیشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی استدعا منظور کرتے ہوئے تاریخ تبدیل کر دی۔

عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کل بروز جمعہ دلائل دیں گے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا پیر کو درخواست پر دلائل دیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے چیئر مین تحریک انصاف  کیخلاف راولپنڈی میں تنصیبات اور میٹرو اسٹیشن  پر حملے کے مقدمے میں  25 جولائی کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ 

مصنف کے بارے میں