گلگت: حاجی گلبر خان گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔ حاجی گلبر خان کو پیپلزپارٹی ، ن لیگ اور جے یو آئی کی حمایت حاصل تھی۔
اسپیکر جی بی نذیر ایڈوکیٹ نے حاجی گلبر خان کے وزیر اعلیٰ ہونے کا اعلان کیا۔ حاجی گلبر خان کے حق میں 19 اراکین نے ووٹ دیا۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے چار ارکان نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے اپنے نامزدگی فارم جمع کرائے تھے۔ نامزد افراد میں گلبر خان، راجہ اعظم خان، جاوید علی منوا اور راجہ محمد زکریا شامل ہیں۔ جی بی کے وزیراعلیٰ کے لیے ووٹنگ دوپہر 12 بجے شروع ہوئی، اس دوران حاجی گلبر خان نے 20 میں سے 19 ووٹ حاصل کیے۔
یاد رہے کہ جی بی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ہم خیال گروپ نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسمبلی میں اکثریت کو زبردستی اقلیت میں لایا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے ہم خیال گروپ کے 10 ارکان نے رات گئے الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔
وزیراعلیٰ کے انتخاب کا بائیکاٹ کرنے والے ارکان نے الزام عائد کیا کہ ان کے ساتھی ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپے کی اسکیموں میں پھنسایا گیا۔ مزید برآں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان اسکیموں کی حمایت نہ کرنے والوں کو گرفتاری اور قانونی چارہ جوئی کی دھمکیاں دی گئیں۔