اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے خلاف ازخود نوٹس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔ تحریری فیصلہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے تحریر کیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق از خود نوٹس پر فیصلے کا آغاز سورۃ الشعرا سے کیا گیا ہے۔ فیصلہ 86 صفحات پر مشتمل ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر کا تحریک عدم اعتماد مسترد کرنا غیر آئینی ہے۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ وزیر اعظم کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا حکم غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ تحریک انصاف کے وکیل غیر ملکی سازش کا حوالے دیتے ہوئے امریکی خط کا ذکر کیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ سفارتی تعلقات کے پیش نظر عدالت مراسلے سے متعلق کوئی حکم نہیں دے سکتی ۔ سفارتی مراسلے سے متعلق فیصلہ کرنا ایگزیکٹیو کا کام ہے۔ بیرونی سازش کیخلاف کوئی انکوائری یا تحقیق نہیں کرائی گئی۔ عدالتیں مصدقہ حقائق کی بنیاد پر فیصلہ کرتی ہیں نہ کہ قیاس آرائیوں پر۔ مبینہ بیرونی مراسلہ ایک خفیہ سفارتی دستاویز ہے۔