جانگلوس سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار تنویر جمال جاپان میں انتقال کرگئے 

04:57 PM, 13 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

ٹوکیو: پی ٹی وی کے ڈرامے ‘جانگلوس’ سے شہرت حاصل کرنے والے سینیئر اداکار تنویر جمال موذی مرض کینسر سے زندگی کی جنگ ہار گئے۔

جاپان میں پاکستانی اداکاروں کی تنظیم کے رہنما عقیل عراقی نے اپنی پوسٹ اور ویڈیو بیان میں تصدیق کی کہ تنویر جمال 13 جولائی کو جاپانی وقت کے مطابق سہ پہر کو خالق حقیقی سے جا ملے۔

تنویر جمال میں ابتدائی طور پر 2016 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں وہ کینسر سے صحت یاب ہوگئے تھے۔ مگر رواں برس مئی میں ان میں دوبارہ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ علاج کے لیے جاپان منتقل ہوگئے تھے۔

تنویر جمال میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور گزشتہ برس جون کے وسط میں جاپان کے ہسپتال میں ان کے شدید علیل ہونے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی تھیں، جن میں انہیں انتہائی کمزور حالت میں دیکھا جا سکتا تھا۔

تنویر جمال کے پاس جاپانی شہریت بھی تھی اور وہاں اپنے اہل خانہ کی رہائش کی وجہ سے وہ ہر چند ماہ بعد وہاں جاتے تھے۔ تنویر جمال کے بچے اور اہلیہ اس وقت بھی جاپان میں ہی رہتے ہیں اور ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جب کہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے۔

تنویر جمال نے 2021 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان سے شادی کے لیے جاپانی لڑکی نے اسلام قبول کیا اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہو چکے تھے۔

تنویر جمال نے بتایا تھا کہ شادی سے قبل ان کے ایک اور جاپانی لڑکی سے تعلقات تھے مگر ان سے ان کی شادی نہ ہوسکی تھی۔ 1990 سے قبل ہدایت کار کاظم پاشا کے ڈرامے ‘جانگلوس’ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں پہلے ہی ڈرامے سے شہرت ملی۔

مزیدخبریں