پنجاب کے کئی شہروں میں مون سون بارشوں سے صورتحال سنگین ہو گئی

01:32 PM, 13 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پنجاب کے کئی شہروں میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں سے صورتحال سنگین ہو گئی ، پانی گھروں میں داخل ہو گیا ، چھتیں گرنے سے دو بچے جاں بحق ، بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ، اسلام آباد ، آزاد کشمیر ، وزیرآباد ، منڈی بہاؤالدین سوہاوہ ، گجرات اور جہلم میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ۔

راولپنڈی میں دو بچے جاں بحق جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا ۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح 12 فٹ تک بلند ہو گئی ، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ۔

اسلام آباد کے پوش علاقے بھی بارش کے پانی سے محفوظ نہ رہ پائے ۔ موسلا دھار بارش سے سواں گارڈن کی گلیاں پانی سے بھر گئیں ، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ۔

میرپور آزاد کشمیر کی مہاجر کالونی کے گھروں میں کئی فٹ پانی بھر گیا ۔ وزیرآباد میں بارش جم کر برسی ڈسکہ روڈ ، سیالکوٹ روڈ ، پیر مٹھا روڈ ، جناح کالونی اور اطراف کے علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔

منڈی بہاؤالدین میں بھی تیز بارشوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی بھر گیا ۔ سوہاوہ میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔

گجرات، لالہ موسیٰ ، کھاریاں ، سرائے عالمگیر اور جہلم میں موسلادھار بارش سے صورتحال سنگین ہو گئی ، سرکاری دفاتر میں بھی پانی بھر گیا ۔

مزیدخبریں