پاکستان کا کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ

پاکستان کا کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ
کیپشن: پاکستان کا کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے جائز حق کے حصول تک بھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

یوم شہدا کشمیر کے موقع پر دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے ان بائیس بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1931ء میں سری نگر میں ظالمانہ ڈوگرہ افواج کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ان شہدا کی ہمت نے 1931ء میں حق خود ارادیت کے لئے بے مثال جدوجہد کی جو آج تک جاری ہے جبکہ 5 اگست 2019ء کے بعد اب تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز نے 390 سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران بھارتی جبر، کشمیری عوام کے حوصلوں کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک بار پھر عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی قابض فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے مسلسل ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کریں اور ان گھناؤنے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔