ترکی نے افغانستان سے متعلق خاموشی توڑ دی ،افغان طالبان کو دوٹوک پیغام

07:59 PM, 13 Jul, 2021

اسلام آباد:پاکستان میں تعینات ترک سفیر احسان مصطفی یردکل نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے، افغانستان میں ترکی کا جو بھی کردار ہوگا، وہ وہاں کے عوام کے لیے ہوگا، کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے امریکہ سے مذاکرات بھی جاری ہیں،طالبان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہمارا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے ۔

ترک سفیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ترکی کے افغانستان سے تاریخی سماجی ثقافتی تعلقات ہیں ،ہماری دلچسپی مستحکم ،خوش حال اور پر امن افغانستان ہے ، پر امن افغانستان ہی پورے خطے کے استحکام ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے،احسان مصطفی یردکل نے بتایا کہ ہمارے امریکا سے مذاکرات جاری ہیں کہ ترکی کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی جاری رکھے، ترکی کا افغانستان میں جو بھی کردار ہوگا وہاں کے عوام کے لیے ہوگا، ہمارا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے۔

 ترک سفیر نے کہا ترکی اور پاکستان کے اعلیٰ سطحی سیاسی تعلقات ہیں، ترکی اور پاکستان دونوں افغانستان میں استحکام، امن اور خوش حالی چاہتے ہیں، خطے، مشترکہ مفادات اور افغان صورت حال پر دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر مشاورت جاری رہتی ہے۔

مزیدخبریں