اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت سہہ جہتی غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے جبکہ ترقی پذیر ممالک کو بحران سے نکلنے اور پائیدار ترقی کیلئے کم از کم 4.3ٹریلین ڈالرز درکار ہیں۔
اقوام متحدہ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کورونا کے حوالے پاکستان کے حالات دیگر ملکوں سے بہتر ہیں اور کورونا وبا کیخلاف حکمت عملی اور احساس پروگرام کی عالمی سطح پر پذیرائی حوصلہ افزا ہے لیکن دنیا کو اس وقت سہہ جہتی غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے جبکہ ترقی پذیر ممالک کو بحران سے نکلنے اور پائیدار ترقی کیلئے کم از کم 4.3ٹریلین ڈالرز درکار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سہہ جہتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ترقی پذیر ملکوں کی مناسب مالی امداد کو متحرک کرنا ہوگا اور کورونا متاثرہ ترقی پذیر ملکوں کیلئے قرضوں کی از سر نو اسٹرکچرنگ بھی اہم پہلو ہے جبکہ آئی ایم ایف اسپیشل ڈرائنگ رائٹس کا قیام عمل میں لانے کی تجویز دے چکے ہیں کیونکہ غریب ملکوں کے اضافی ذخائر درکار مالیاتی ریلیف سے بہت کم ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی تیاری اور تقسیم کا تیز تر عمل یقینی بنانا ہو گا اور ترقی پذیر ممالک کیلئے رعایتیں اور مالی گرانٹ دینے کے وعدے پورے کیے جانے چاہئیں اور اقوام متحدہ کا ترقیاتی نظام ترقی پذیر ممالک کیلئے قابل عمل منصوبوں میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے سرمایہ کاری کی رفتار تیز کرنا ہوگی۔