کابل: افغان طالبان نے کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کیلئے ترک فوج کے افغانستان میں رہنے کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترک فوج کی موجودگی افغانستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دوحہ معاہدے کے تحت تمام غیر ملکی افواج کا افغانستا ن سے انخلاءضروری ہے جبکہ ترک فوج کی موجودگی افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی مفاد کی خلاف ورزی ہے۔
افغان طالبان نے افغانستان میں غیر ملکی فوجی انخلا کے باجود ترک افواج کی موجودگی کے فیصلے کیخلاف انتباہی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں ترک افواج کی موجودگی برقرار رکھنا ناجائز ہے، ترک فوج کی موجودگی سے دو طرفہ تعلقات کو نقصان ہوسکتا ہے۔
طالبان کاکہنا ہے کہ ترک حکام نے یقین دلایا تھا کہ وہ یکطرفہ فیصلہ نہیں کریں گے، انہوں نے اپنے وعدے کی خلاف ورزی کی ہے، ترک حکام فیصلہ واپس لینے میں ناکام رہے تو نتائج کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکہ اور ترکی کے درمیان کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کیلئے معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت غیر ملکی فوجی انخلا مکمل ہوجانے کے بعد ترک فوج کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو حفاظت فراہم کرے گی۔