فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا میگا فنڈنگ گھپلا ہے: اکبر ایس بابر

فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا میگا فنڈنگ گھپلا ہے: اکبر ایس بابر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق عہدیدار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ رکاوٹوں کے باوجود ہمارے ایکسپرٹ نے تمام ڈیٹا کا جائزہ لے کر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بنا کر جمع کرائی ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا میگا فنڈنگ گھپلا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی نے دستاویزات کا جائزہ لے کر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جمع کرائی ہے، یہ رپورٹ ہمارے الزامات پرنہیں بلکہ پی ٹی آئی کی دستاویزات پر مبنی حقائق ہیں۔ 
انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ساڑھے 6 سال کیس چلنے کے بعد دستاویزات کا جائزہ لینے کی اجازت دی، چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹس کو جائزہ لینے کیلئے 55 گھنٹے دئیے گئے تھے جبکہ سکروٹنی کمیٹی نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے کام میں رکاوٹ ڈالی۔
اکبر ایس بابر نے کہاکہ دستاویزات کی تصویر بناسکتے تھے نہ ہی فوٹو کاپی کی اجازت تھی جبکہ تمام ڈیٹا کی تصدیق کے بعد 100 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار کی ہے۔ سابق پی ٹی آئی رہنماءکے مطابق 4 ملازمین جن کے بینک اکاﺅنٹس میں پیسہ آیا اس کی تفصیلات بھی رپورٹ میں ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ آج کی رپورٹ ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگی، یہ پاکستان کی تاریخ کا میگا فنڈنگ گھپلا ہے، رپورٹ کے ساتھ ایک کور لیٹر بھی الیکشن کمیشن کو جمع کروایا ہے، سکروٹنی کمیٹی تحقیقات کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، اس کا احتساب ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن سے سکروٹنی کمیٹی کو تحلیل کرنے کی درخواست کی ہے، یہ کمیٹی فیکٹ فائنڈنگ کی جگہ فیکٹ ہائیڈنگ کرتی رہی، الیکشن کمیشن اس کیس پر خود سماعت کرے۔