اسلام آباد: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے رپورٹ کیسز میں 50 فیصد ڈیلٹا ویرینٹ کے ہیں اور دنیا میں کوئی بھی ویکسین اس ویرینٹ کیلئے 100 فیصد موثر نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نوشین حامد نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ویکسین ڈیلٹا ویرینٹ کیلئے 100 فیصد موثر نہیں ہے تاہم ویکسی نیشن کے بعد اگر کوئی عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا شکار ہو جائے تو وہ زیادہ متاثر نہیں کرتا۔
ڈاکٹر نوشین حامد نے مزید کہا کہ پاکستان میں جو ویکسین لگائی جارہی ہیں وہ ڈیلٹا ویرینٹ کیلئے بھی موثر ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 14.6 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے اور ملک میں کورونا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ جاری ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 590 مریض سامنے آئے ہیں۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 افراد اس موذی وباءکے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 732 مزید افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح 3.63 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 618 ہو گئی جبکہ کل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 76 ہزار 867 ہو چکی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے رپورٹ کیسز میں 50 فیصد ڈیلٹا ویرینٹ کے ہیں: ڈاکٹر نوشین حامد
02:20 PM, 13 Jul, 2021