وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کی قانونی حیثیت لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج  

11:50 AM, 13 Jul, 2021

لاہور: وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کی قانونی حیثیت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے طلب کر لیا۔

عدالت نے پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل سمیت دیگر کو درخواست گزار کیخلاف کارروائی سے روک دیا ہے۔

جسٹس راحیل کامران شیخ نے تاجر اقبال شریف کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ درخواستگزار کا ضلع قصور میں کریانہ سٹور کا کاروبار ہے۔ تاجر اویس احمد نے گھی کے لین دین کے تنازعہ پر وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں درخواست دی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل نے 32 لاکھ روپے کی ادائیگی کا حکم دیا حالانکہ لین دین کا تنازعہ کا فیصلہ کرنے کا اختیار سول عدالت کو حاصل ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کو سول نوعیت کے معاملات پر فیصلہ کرنے کا اختیار ہی نہیں ہے۔ چیئرمین کمپلینٹ سیل نے ادائیگی کا حکم دے کر قانون کی خلاف ورزی کی۔

درخواست گزار نے لاہور ہائیکورٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کے اقدامات اور ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کو کالعدم قرار دے۔

مزیدخبریں