صوبہ پنجاب میں کورونا کیسز میں اضافہ، مجموعی مثبت شرح ایک اعشاریہ دو ریکارڈ

11:43 AM, 13 Jul, 2021

لاہور: صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ روز صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 1.2 ریکارڈ کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت شرح 3.4، رحیم یار خان میں 1.7، سیالکوٹ میں 0.7، بہاولپور میں 1.1 اور مظفر گڑھ میں 2.4 ریکارڈ کی گئی۔

سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے مطابق صرف اور صرف ویکسینیشن ہی کورونا اور اس کی نئی قسم (ڈیلٹا) ویرینٹ کے خلاف واحد اور موثر علاج ہے۔ 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کا فوری طور پر ویکسینیشن لگوانا ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت اور کرونا سے بچاؤ کے لیے صوبہ بھر کی مویشی منڈیوں میں 118 موبائل ویکسینیشن کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں۔ صوبہ بھر کی مویشی منڈیوں میں شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 49 ہزار 304 لوگوں کو ویکسینیشن لگائی گی۔ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 200 نئے کیسز، ٹوٹل تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 509 ہو گئی ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ اب تک صوبہ بھر میں 3 لاکھ 28 ہزار 969 مریض مکمل طور پر صحت یاب جبکہ ایکٹیو کیسز کی تعداد 8,708 رہ گئی ہے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لاہور میں 6 اموات سمیت صوبہ بھر میں کل 10 اموات رپورٹ ہوئیں جس سے پنجاب میں اس موذی مرض سے مرنے والوں کی تعداد 10,832 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16,470 ٹیسٹ کئے گئے۔ صوبہ بھر میں اب تک مجموعی طور پر 5,860,581 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں 89، راولپنڈی میں 59، ملتان میں 11، رحیم یار خان میں 6 اور سیالکوٹ میں 5 کیسیز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور میں 4، چکوال میں 4 جبکہ اٹک، فیصل آباد، گوجرانوالہ، مظفرگڑھ، ننکانہ صاحب، پاکپتن، ساہیوال اور شیخوپورہ میں بالترتیب 2 مثبت کیسیز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، گجرات، جہلم، لودھراں اور وہاڑی میں صرف ایک ایک مثبت کیس رپورٹ ہوا۔

مزیدخبریں