کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس کی انتہائی خطرناک قسم ''ڈیلٹا'' کی تصدیق ہوئی ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہیں برتی گئی تو چوتھی لہر سب سے خطرناک ہوگی۔
سیکریٹری پرائمری ہیلتھ عزیز احمد جمالی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ اور کوئٹہ میں 21 نمونے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے تربت سے کورونا کے 5 اور کوئٹہ سے 11 کیس مثبت آئے ہیں، ان میں ڈیلٹا قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چار فیصد شہریوں نے ویکسین لگوائی اور ایک فیصد شہریوں نے ٹیسٹ کرائے ہیں۔ یہ شرح خطرناک حد تک کم ہے۔
عزیز احمد جمالی نے کہا کہ عوامی آگاہی سے وائرس پر قابو پانے کی ضرورت ہے تاکہ انتظامی سختی کی ضرورت پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سنگل ڈوز ویکسین بھی منگوا رہی ہے تاکہ عوام کو ویکسینیشن میں آسانی ہو۔
اس موقع پر ماہر امراض تپ دق و سینہ ڈاکٹر شیرین خان نے کہا کہ اگر احتیاط نہ برتی گئی تو چوتھی لہر سب سے زیادہ خطرناک ہوگی۔
ڈاکٹر شیرین خان کا کہنا تھا کہ موجودہ وائرس گلے میں کم وقت اور پھیپھڑوں پر فوری اثر کرتا ہے۔ موجودہ وائرس کے حملے کے بعد مریض کے پاس بہت کم وقت ہوتا ہے۔