اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے 12 اور پیپلز پارٹی نے 7 اکاؤنٹس چھپائے ہیں۔ پارٹی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور کک بیکس کے لئے استعمال ہونے سے متعلق دونوں جماعتیں آئینی ادارے میں کیوں جواب نہیں دیتیں؟
انہوں نے سوال کیا کہ مارک سیگل کو کہاں سے پیپلز پارٹی نے رقوم ادا کیں؟ ن لیگ نے اسامہ بن لادن سے بے نظیر بھٹو کے خلاف کس مقصد کے لیے پیسے لیے تھے؟
وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی فارن فنڈنگ کا کیس سکروٹنی کمیٹی کے سامنے زیر سماعت ہے۔ تحریک انصاف نے درخواست دائر کی کہ ہمیں بھی دونوں جماعتوں کے دستاویزات کی جانچ پڑتال کا موقع دیا جائے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کیس میں الیکشن کمیشن نے فریق کو جانچ پڑتال کی اجازت دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) 2017ء سے اپنی فارن فنڈنگ کا ریکارڈ جمع نہیں کرا سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی اور ن لیگ کے اکاوئنٹس کی جانچ پڑتال ضروری ہے، دونوں جماعتیں ریکارڈ فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کشمیر میں بہروپیے بنے پھر رہے ہیں۔ کبھی گلگت بلتستان تو کبھی سندھ کی بیٹی بن جاتی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اپنی شادی میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کو بلاتے ہیں، کیا حریت رہنماؤں کو بلایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کو کیا پتا کشمیر کی تاریخ کیا ہے؟ یہ لوگ نریندر مودی کو خوش کرنے کے لئے بھارت میں حریت رہنماؤں کو نہیں ملتے۔