انگریز سامراج کی طرح بھارت کے غاصبانہ قبضے کو بھی ذلت آمیز شکست ہوگی: شہباز شریف

11:01 AM, 13 Jul, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم شہدائے کشمیر پر شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ ، انگریز سامراج کی طرح بھارت کے غاصبانہ قبضے کو بھی ذلت آمیز شکست ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کو 21 کشمیریوں کو گولیاں برسا کر بے رحمی سے شہید کیا گیا اور درجنوں کو زخمی کیا گیا ۔ سری نگر سینٹرل جیل کے صحن میں یہ قتل عام ہوا ، ان کشمیریوں کا جرم آزادی اور اسلام سے محبت تھی ۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقدیر کی قرآن کے احترام ، عزت ، آزادی کے حق کے لئے اور جبر کی غلامی کے خلاف تقریر جرم قرار پائی ۔ اہل کشمیر کی حریت آزادی کا یہ سلسلہ اور قربانیاں آج بھی اسی جذبے سے جاری ہیں ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ اہل کشمیر نسل درنسل اپنے حقوق اور آزادی کے لئے بے مثال صبر و استقلال اور بہادری سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ہم شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، یہ اہل کشمیر کی بہادری کی ناقابل فراموش داستان کا انمٹ باب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام شہدائے کشمیر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سرفروشی اور حق گوئی کی روایت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ان شاءاللہ ، انگریز سامراج کی طرح بھارت کے غاصبانہ قبضے کو بھی ذلت آمیز شکست ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ، اللہ تعالی شہدائے کشمیر کے درجات بلند کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے ۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے جرات مند سفیر ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے ۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن والے انتخابی مہم کے دوران بھی کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، مسئلہ کشمیر پر سیاست چمکانے والے قومی مفادات کو یکسر نظر انداز کئے ہوئے ہیں ۔ اپوزیشن کی جانب سے کشمیر پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا سنگ دلی اور بے حسی ہے ۔

مزیدخبریں