اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سندھ کے پسماندہ اضلاع کو انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا سے جوڑنے اور رابطے کیلئے فائبر آپٹیکل بچھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اہم معاملے پر حکومت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی جانب سے کئے گئے اس معاہدے کے تحت صوبہ سندھ کے اضلاع نوشہرو فیروز، خیرپور اور بینظیر آباد میں تقریباً 800 کلومیٹر آپٹیکل فائبر پر دو ارب دس کروڑ خرچ ہوں گے۔
اس اہم ٹیکنالوجی معاہدے کی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق اور دیگر حکام نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ملک کی تیز ترقی کے لئے مواصلاتی نظام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر نے کہا کہ طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جانی چاہیے جو ملک کی حقیقی قوت ہیں اور ترقی میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈیجیٹل معیشت فروغ پا رہی ہے اور پاکستان میں اس پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے ملک میں آئندہ دنوں میں مزید راہیں کھلیں گی۔