لاہور: لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ چھتیں، دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے سے دو بہنوں سمیت 9 جاں بحق جبکہ 14 سے زائد زخمی ہو گئے۔
کئی علاقو ں میں بجلی کی سپلائی معطل رہی۔ لیسکو کے 100، حیسکو ریجن کے 400 فیڈر ٹرپ کر گئے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 21 پروازیں منسوخ رہیں۔ ایبٹ آباد میں سیلاب آ گیا، 50 سے زائد گاڑیاں نالے میں جا گریں۔ خراب موسم کے باعث وزیراعظم بھی لاہورنہ پہنچ سکے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ کے بعض علاقوں میں پیر کی صبح تیز ہواؤں سمیت موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث لیسکو ریجن کے 100 سے زائد فیڈروں سے بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے کاروبار زندگی متاثر ہوا۔
لاہور میں سب سے زیادہ بارش فرخ آباد میں 53 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جیل روڈ پر 18.4، ایئرپورٹ 32.6، گلبرگ 15.5 ، لکشمی چوک 30، اپر مال 15، مغلپورہ 19 اور تاج پورہ 17 ، نشتر ٹائون 33 ، چوک ناخدا 32، پانی والا تالاب 27 ، گلشن راوی 27.5 ، اقبال ٹاؤن 25 ،سمن آباد 20 ،جوہر ٹائون 15 اور پنجاب یونیورسٹی میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مون سون کی پہلی تیز بارش نے انتظامات کا پول کھول دیا۔ واسا کے بڑے ڈسپوزل سٹیشنز کو بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔ شاہدرہ فرخ آباد ، مین آؤٹ فال کے تین ڈسپوزل جنریٹرز پر چلائے گئے۔ رواں ہفتے تیز بارشوں کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں جھنگ سبزی منڈی روڈ پر محلہ حسین آباد میں چھت پر کھیلتی 3 سالہ مائرہ تیز آندھی چلنے کے باعث نیچے گر کر جاں بحق ہو گئی۔
سبزی منڈی چونیاں میں طوفانی بارش کے باعث چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر پلے دار 35 سالہ غلام نبی عرف رانجھا جان سے گیا جبکہ پانچ دکاندار زخمی ہوئے ہیں جن میں اکرم، کاشف، عمران، آصف اور دیگر شامل ہیں جبکہ آٹھ موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہو گئیں۔
ڈسکہ اور سمبڑیال میں چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے ۔اسکے علاوہ منڈی بہاؤ الدین میں کرنٹ لگنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔
لوئر دیر کے علاقے میدان دارو میں عجب گل کا گھر بارش کی وجہ سے منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں اس کی دو بیٹیاں 8 سالہ عالیہ اور 10 سالہ مروہ چل بسیں جبکہ بیٹا نعمان زخمی ہو گیا۔
مانسہرہ میں مون سون کی پہلی بارش نے تباہی مچا دی۔ مکان کی دیوار گرنے سے مزدور، گھر کے تہہ خانہ میں پانی بھر جانے سے 9 سالہ فرحان جاں بحق ہو گیا۔
جڑانوالہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 بھائیوں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔
کراچی میں ملیر ہالٹ کے قریب کھمبے سے کرنٹ لگنے پر 14 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
علاوہ ازیں پنجاب کے شہروں کامونکی، حافظ آباد، منڈی بہا ئو الدین،گجرات، جہلم ، سرگودھا، گوجرانوالا سمیت دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ سیالکوٹ میں سب سے زیادہ 193 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں دریائے چناب میں چناب نگر کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق آئندہ دو روز میں پانی کی آمد میں اضافہ ہو گا اور درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے ،جس کیلئے متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ادھر نالہ ڈیک میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، فلڈریلیف کمشنرپنجاب نے قریبی آبادیوں کنگرا روڈ برج اور جستی والا میں سیلاب کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو مستعد رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بھی موسلاد ھار بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ ایبٹ آباد میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش نے تباہی مچا دی، تقریباً 4 گھنٹے تک مسلسل ہونے والی بارش سے حویلیاں میں ایوب پل بیٹھ گیا، نوشہرہ گائوں کا پل سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا، نالوں میں طغیانی کے باعث تمام شاہراہیں بند ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے کے باعث قیمتی سامان تباہ ہو گیا۔ شدید بارش کے باعث50سے زائد گاڑیاں نالوں میں جاگریں،ریسکیو اہلکاروں نے 30نکال لیں۔
ریلے کے باعث جب پل پر ٹریفک رات ایک بجے سے صبح 8 بجے تک بند رہی، شاہراہ ریشم کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ طلبہ و طالبات ایف ایس سی کے امتحان کیلئے امتحانی سنٹروں تک نہیں پہنچ پائے۔
مانسہرہ،سوات میں بھی شدید بارشیں ہوئیں۔ علاوہ ازیں صوبہ سندھ کے شہروں حیدر آباد ، ٹھٹھہ، میرپور خاص، مٹیاری اور بدین میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔حیدرآباد شہرمیں بارش کی بوندیں پڑتے ہی شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ،نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
حیسکو ریجن کے 4 سوسے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے صوبے کی بڑی آبادی بجلی سے محروم ہوگئی ۔کراچی میں پیر کو مون سون بارشوں کے پہلے سپیل کا آغاز ہوگیا۔مظفرآباد میں طوفانی بارشوں سے واٹرسپلائی تباہ،پینے کے پانی کاشدید بحران ،میاں بیوی سیلابی ریلے میں بہہ کرلاپتہ،خاتون اوربچی زخمی،وادی نیلم میں طوفانی بارشوں گاؤں سالخلہ میں 14گھرتباہ اور 20 کوجزوی نقصان پہنچا۔