اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے کشمیریوں کی قربانیوں کا سفر آج تک جاری ہے، کوئی بھی جبر ان غیور کشمیریوں کے جذبہ جانثاری پر غالب نہیں آ سکتا ۔
یوم شہدا کشمیر کے موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میں کشمیر کے 22غیور نوجوانوں کے جذبے اور ہمت کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے 13جولائی 1931کو ڈوگرہ سامراجی قوتوں کو للکارا اور جام شہادت نوش کرتے ہوئے کئی دہائیوں سے جاری "حق خود ارادیت" کی جدوجہد کو پھر سے ترو تازہ کر دیا ہے۔ "حق خودارادیت" کے اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے قربانیوں کا سفر آج تک جاری ہے.
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جبر ان غیور کشمیریوں کے جذبہ جانثاری پر غالب نہیں آ سکتا۔ 13جولائی 1931کے شہدا نے جس مقصد کے لیے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی تھی اس مقصد کو پورا کرنے تک شہدا کا مشن نا مکمل رہے گا، 13جولائی 1931کے شہدا کا خون ہمارے اوپر قرض ہے جس کو چکانا ہمارا فرض ہے۔