عمران کا پاکستان کو لاک ڈاؤن کرنے کا دیرینہ خواب پورا ہو گیا، شہباز شریف

03:23 PM, 13 Jul, 2019

لاہور: اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھر کے تاجروں اور غریب عوام کے ساتھ ہیں کیونکہ آج عمران کا پاکستان کو لاک ڈاؤن کرنے کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بے گناہ اور مظلوم سیاسی قیدی نواز شریف کے ساتھ ظلم کا نتیجہ قوم بھگت رہی ہے اور قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ نواز شریف کو رہا کیا جائے۔ نواز شریف نے قوم کو مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بدامنی سے نجات دلائی، بجلی، سڑک، روزگار، وقاراور امن و امان دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا مخالفوں کو تکلیف ہوئی کہ پاکستان کے ریونیو میں اضافہ کیسے ہو گیا اور حکمرانوں نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کو بیچ دیا۔

خیال رہے اضافی ٹیکس اور اس حوالے سے حکومتی پالیسی کے خلاف انجمن تاجران پاکستان کی کال پر ملک بھر کے تاجر ہڑتال کررہے ہیں۔

کراچی، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں تاجروں نے کاروبار جزوی طور پر بند کر رکھے ہیں اور مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں