بالی ووڈ اداکارہ پوجا بترا نے خفیہ شادی کرلی

12:05 PM, 13 Jul, 2019

ممبئی:بالی ووڈ اداکارہ پوجا بترا نے خفیہ شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پوجا بترا نے ساتھی اداکار نوابشاہ سے ایک ہفتہ قبل خفیہ شادی کی جس کے بعد انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر شادی کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کیں،تاہم ان ویڈیوز میں اداکارہ اور ان کے ہم سفر نوابشاہ کے چہرے دکھائی نہیں دیئے، تاہم مداحوں نے ویڈیو دیکھتے ہی انہیں مبارک باد دینا شروع کردی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پوجا بترا اور نوابشاہ ایک ہفتہ قبل ہونیوالی شادی کو جلد ہی قانونی طور پر رجسٹرڈ کروائیں گے۔رپورٹ کے مطابق دونوں نے ہندو رسومات کے تحت شادی کی اور ممکنہ طور پر وہ شادی کو رجسٹرڈ کروانے کے بعد دوستوں کو پارٹی بھی دیں گے۔

پہلی شادی کی ناکامی کے بعد پوجا بترا کا نام متعدد شوبز شخصیات سے جوڑا جاتا رہا، تاہم 2 سال قبل ان کے تعلقات اداکار نوابشاہ سے ہوئے جن کے ساتھ انہیں متعدد بار دیکھا بھی گیا۔

پوجا بترا 1993 میں مس انڈیا فیمینا انٹرنیشنل کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکی ہیں اور انہوں نے تامل، تیلگو اور ہندی سمیت دیگر زبانوں کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

مزیدخبریں