پشاور: خیبرپختونخواکے 210سرکاری کالجوں میں داخلہ کیلئے میٹرک پاس طلبہ کی طرف سے ایف اے/ایف ایس سی میں آن لائن داخلہ کا سلسلہ جاری ہے اورطلباء کے117 اورطالبات کے93 کالجز میں داخلہ کیلئے اب تک 90ہزار سے زائد امیدواروں نے آن لائن رجسٹریشن کرائی ہے ۔
صوبائی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ آن لائن ایڈمیشن کیلئے 25شرائط رکھی گئی ہیں جن پر اترنے والے طلبہ سرکاری کالجوں میں داخلہ کراسکتے ہیں آن لائن رجسٹریشن کے لئے چھ مرحلوں سے گزرناپڑتاہے جس کے لئے سب سے پہلے ویب سائٹ پر اپنااکاؤنٹ بناناپڑتاہے اس کے بعد متعلقہ بورڈسے اپنے ڈیٹا کی تفصیل طلب کی جاتی ہے، تیسر ے اور چوتھے مرحلے میں اپنامکمل پروفائل اور تعلیمی کیرئر کی تفصیل دی جاتی ہے اورآخرمیں کسی بھی کالج میں داخلہ کیلئے فارم آن لائن جمع کرایاجاتاہے۔ امیدوار داخلہ فیس جازکیش کی سہولت رکھنے والے دکانداروں کے پاس صرف تین روپے چارجزپرجمع کراسکیں گے ۔
واضح رہے کہ آن لائن داخلہ کیلئے موبائل ایپ بھی ڈاؤن لوڈ کیاجاسکتاہے ۔آن لائن رجسٹریشن کے مرحلے سے گزرنے کے بعد درخواستیں موصول ہونے پر متعلقہ ویب سائٹ پر ہی تمام کالجوں کی میرٹ لسٹیں ڈال دی جائیں گی، میرٹ لسٹ پر نام آنے کے بعد طالبعلم باقاعدہ کالج میں داخلہ کاحقدار ٹھہرایاجائے گا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر ہائرایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم جہانگیرخان کیمطابق آن لائن رجسٹریشن کیلئے اب تک 90ہزار سے زائد امیدواروں نے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں اورتوقع ہے کہ اس سال چار لاکھ کے قریب امیدوار آن لائن رجسٹریشن کرائینگے۔ انہوں نے بتایاکہ ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے صوبے کے طلبہ کی سہولت کے لئے ایف اے /ایف ایس سی میں آن لائن داخلہ کانظام متعارف کرایاہے۔