پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا ہیلتھ بجٹ 18 ارب سے 65 ارب روپے کر دیا ہے۔ ساڑھے 6 ہزار ڈاکٹروں کو بھرتی کیا۔ صوبے کے 95 فیصد ضلعی ہسپتالوں میں ڈاکٹر موجود ہیں۔ ہیلتھ کارڈز کا اجراء صوبائی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں سولر پاور پلانٹ لگائیں گے۔ 24 لاکھ خاندانوں کے پاس ہیلتھ کارڈز موجود ہیں۔ یہ فلاحی ریاست کی طرف بہت بڑا قدم ہے۔ 6 ماہ کے دوران 70 کروڑ روپے ہیلتھ کارڈز پر خرچ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف کارروائی پر بھارت میں کہرام برپا ہے اور اسے خدشہ ہے کہ اگر نوازشریف چلے گئے تو اس کا ایک اتحادی چلا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، صوبائی وزیر صحت شہرام خا ن تراکئی اور صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان بھی موجود تھے ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات سے پہلے ہمارا منشور تھا کہ ہماری حکومت آئی تو ہم سب سے پہلے تعلیم اور صحت کا نظام درست کریں گے اور جب ہم نے خیبرپختونخوا کا نظام سنبھالا تو ہم نے سرکاری ہسپتالوں کو بہتربنانے کیلئے خاطرخواہ انتظامات کئے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبے کی سب سے بڑی کامیابی ہیلتھ کارڈ ہے یہ کارڈ 18 لاکھ خاندانوں سے شروع کیا اور آج 24 لاکھ خاندانوں تک پہنچ چکا ہے اور بہت جلد 70 فیصد آبادی کے پاس آجائے گا جبکہ 6 ماہ میں ہیلتھ کارڈ پر 70 کروڑ روپے خرچ کئے گئے اس کارڈ کے ذریعے ساڑھے 5 لاکھ روپے تک کا علاج مفت کرایا جاسکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ایک دم سب ٹھیک نہیں ہوگا ۔لیڈی ریڈنگ پشاور سمیت دیگر بڑے ہسپتالوں کی مینجمنٹ میں مسائل ہیں جب مینجمنٹ کی سیٹ خالی ہوگی تو ہسپتال میں کام نہیں ہوگا ۔ہسپتال والوں کی پرانی عادتیں تبدیل کرنا ایک عذاب ہے تاہم ہم ہسپتالوں کی مینجمنٹ کے حوالے سے عدالت میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں چھاپا مارنا پڑا تو ہم میں اور شہبازشریف میں کوئی فرق نہیں رہے گا۔ پرائیویٹ ہسپتالوں کو کمرشل بنا دینا پیسے بنانے کا آسان طریقہ ہے اور یہ کام وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں وزیراعظم جھوٹ بولنے پر استعفیٰ دے دیتے ہیں لیکن یہاں اقتدار بچانے کی کوشش میں جھوٹ نہیں جھوٹوں کی بارش ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے نوازشریف کے اقتدار کو خطرہ ہوا ہے اس وقت سے بھارت میں کہرام مچا ہوا ہے۔ بھارت کو خدشہ ہے کہ کہیں اس کا ایک اتحادی نہ چلا جائے کیونکہ نوازشریف کے جانے سے پاکستانی فوج اور معیشت مضبوط ہوگی اور بھارت یہ نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا میں بھی نوازشریف کی حکومت کے حوالے سے چہ میگوئیاں ہورہی ہیں اور بھارتی اخبارات میں لکھا گیا ہے کہ نوازشریف کی حکومت نہ چلی جائے۔عمران خان نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں کو سب سے زیادہ تنخواہ مل رہی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایک بھی برن سنٹر نہیں بنایا۔ وفاقی حکومت نے برن سنٹر کیلئے ایک پیسہ نہیں دیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں