یہودیوں کے ایجنٹوں کو بھاگنے نہیں دیں گے،پرویز ملک

07:01 PM, 13 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور :  پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ ہم احتساب سے گھبرانے والے نہیں،شریف خاندان نے بار بار احتساب کا سامنا کیا ہے، حکومت نے ملک کو تعمیر و ترقی کے جس راستے پر ڈالا، اس سفر کو جاری رکھا جائے گا، احتساب سے نہیں گھبرائیں گے، کوئی جرم نہیں کیا، پھر بھی خود کو احتساب کے لئے پیش کیا ہے، اصل فیصلہ عوام کی عدالت کرے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں رہنماؤں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی مہم پر یہودیوں کا پیسہ خرچ کرنے والے عمران خان تمام تر کوششوں کے باوجود چور دروازوں اورغیر جمہوری طریقے کے ذریعے اقتدار حاصل نہیں کر سکتے،پرویز مشرف کے دور سے لے کر آج تک عمران خان نے ہمیشہ سیاست میں مصنوعی سہارے ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے،کاش وہ ایسا کرنے کے بجائے جمہوری عمل اور عوام پر بھروسہ کرتے۔

انہوں نے مزید کہا  کہ اس وقت عمران خان کے سیاسی مستقبل کی تمام تر توقعات کا دار و مدار جے آئی ٹی کی رپورٹ پر مبنی ایک ایسی دستاویز پر ہے جس کے مندرجات تضادات کا شاہکار ہیں اور جو اپنے منظر عام پر آنے سے پہلے متنازعہ ہو چکی ہے،ہمارے قائدین کے خلاف عمران کی ہرزہ سرائی نئی بات نہیں۔ اس سے پہلے بھی وہ ایسے کئی بے بنیاد اور لغو الزامات لگا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں موجود تضادات کو سپریم کورٹ کے سامنے لائیں گے، آئندہ انتخابات سے قبل بجلی بحران پر قابو پا لیا جائے گا، اپوزیشن کے الزامات اور رپورٹ ایک ہی سکے کے دو داغدار رخ ہیں، اپوزیشن کے شور کی بنیاد وہ رپورٹ ہے جس کی اپنی ساکھ نہیں۔

 اس موقع پر چوہدری شہباز ایم پی اے،غزالی سلیم بٹ، ڈپٹی میئر نذیر خان سواتی، سید توصیف شاہ، عامر خان،تنویر ضیا بٹ،شاہد چندا،حشمت شاہ خرم نذیر،چوہدری اختر ملک احمد حسن، میاں سلیم،رائے لیاقت، سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں