70سالوں سے بجٹ میں صرف خوشحال لوگوں کو ریلیف دیا جارہا ہے ،سینیٹر سراج الحق

04:29 PM, 13 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور یہ ایوان اوراداروں دونوں میں سرایت کر چکا ہے، 70 سالوں سے بجٹ میں صرف خوشحال لوگوں کو ریلیف دیا جاتا ہے۔ غریبوں کے لئے کچھ نہیں ہوتا۔ ملازمین کے لئے پارلیمان میں آواز اور سڑکوں پر احتجاج کرینگے،غریب کے لیے کہیں کوئی جگہ نہیں۔ جس کے پاس کروڑوں روپے ہوں وہی قومی اسمبلی کا ممبر بن سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں این سی ایچ ڈی کے احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ میں یہاں ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آیا ہوں۔ جماعت اسلامی غریبوں کے ساتھ ہے اور ان کی آواز ہر جگہ بلند کرینگے جو ملازمین اپنے مطالبات کے لئے آئے ہیں ، حکمران ان کو اپنے اوپر بوجھ سمجھتے ہیں اور ان کے مطالبات ماننے کے بجائے پولیس کو تیار کر لیتے ہیں تاکہ مظاہرین کا مقابلہ کر سکیں۔ جماعت اسلامی ملازمین کے مطالبات حل ہونے تک آپ کے ساتھ ہو گی۔

انکا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے 70 سال میں ایک ہی کلاس کی حکومت ہے۔ 1947ء سے ایک ہی طبقہ اقتدار پر مسلط ہے۔ پارٹیاں مختلف تھی مگر ان کی ذہنیت ایک ہی ہے۔بجٹ میں ہر سال خوشحال لوگوں کے لئے ریلیف ہوتا ہے مگر غریبوں کے لئے کوئی ریلیف نہیں دیا جاتا۔ کم سے کم تنخواہ 15 ہزار روپے پر بھی عمل نہیں ہوتا۔ اسحاق ڈار 15 ہزار میں ایک گھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں جس طرح آج غریب دھوپ میں اپنے مطالبات کے لئے کھڑے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ احتساب ہو اور سب کا احتساب ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جسم کی مانند ہے اور جمہوریت اس کی جان ہے۔ اگر جمہوریت پاکستان سے نکالیں گے تو ہم اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے لئے چوکوں چوراہوں پر احتجاج اور پارلیمان میں بھرپور بلند کریں گے۔

مزیدخبریں