اسلام آباد: میاں شریف ارب پتی تھے یا نہیں جے آئی ٹی رپورٹ میں یہ معاملہ بھی زیر غور آیا جس میں بتایا گیا کہ جے آئی ٹی کے مطابق وزیراعظم کے اپنے مرحوم والد کے ارب پتی ہونے کے دعوے غلط ہیں۔ 1970ء میں میاں شریف کے اثاثوں کی مالیت صرف دس لاکھ روپے تھی۔
نیشلائزیشن کے دوران بھی میاں شریف کے اثاثوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ میاں شریف کے اثاثوں میں 80ء اور 90ء کی دہائی میں اضافہ ہوا جبکہ 1992 سے 1993 کے دوران میاں شریف کے اثاثے چار گنا بڑھے۔
اس سال اثاثوں کی مالیت 70 لاکھ سے بڑھ کر 3 کروڑ 20 لاکھ ہو گئی۔ جے آئی ٹی میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ میاں شریف نے ایک لمبے عرصے تک انکم ٹیکس ادا ہی نہیں کیا۔
یاد رہے 10 جولائی کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی پاناما جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ کے بعد ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب حکمران جماعت نے جے آئی ٹی رپورٹ میں موجود تضادات پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے.
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں