ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ سمجھے جانے والے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے بغیر اجازت اپنے والد کی لکھی ہوئی نظم استعمال کرنے پر عام آدمی پارٹی کے رہنما کو قانونی نوٹس بھیجا تاہم انہیں ایسا جواب ملا کہ وہ حیران رہ گئے۔قصہ کچھ یوں ہے کہ عام آدمی پارٹی کے رہنما کمار وشواس نے بھارت کے معروف شاعروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔
اس تقریب میں انہوں نے متعدد نامور شاعروں کے کلام پڑھے جن میں ایک نظم امیتابھ بچن کے والد ہری ونش رائے بچن کی بھی تھی۔ وشواس نے اس تقریب کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کردی تھی اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی شیئر کی تھی۔
لیکن امیتابھ بچن کو یہ ویڈیو پسند نہیں آئی اور انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے رد عمل میں لکھا کہ یہ کاپی رائٹ قانون کی خلاف ورزی ہے اور اب اس سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا۔ بعد ازاں کمار وشواس کو ایک قانونی نوٹس وصول ہوا جس میں لکھا تھا کہ وہ 24 گھنٹوں کے اندر یوٹیوب سے وہ ویڈیو ہٹائیں ورنہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
نوٹس میں یہ بھی لکھا تھا کہ امیتابھ بچن کے والد کی نظم کو استعمال کرکے یوٹیوب سے جو آمدنی ہوئی ہے اس کا حصہ بھی دیا جائے۔نوٹس ملنے کے بعد کمار وشواس نے اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ ویڈیو پر انہوں نے جن شاعروں کو خراج تحسین پیش کیا ان سب کے اہل خانہ نے تعریفی پیغامات بھیجے سوائے امیتابھ بچن کے جنہوں نے قانونی نوٹس بھیج دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو ویب سائٹ سے ہٹادی گئی ہے اور وہ امیتابھ بچن کو 32 روپے بھیج رہے ہیں کیوں کہ ویڈیو سے انہیں اتنی ہی آمدنی ہوئی ہے۔