اٹک : پنجاب کے سابق نگران وزیر معدنیات، ابراہیم حسن مراد نے دعویٰ کیا ہے کہ اٹک کے علاقے میں 28 لاکھ تولہ سونے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جن کی مالیت پاکستانی روپے میں 800 ارب اور امریکی ڈالر میں 2.87 ارب ڈالر کے قریب ہے۔
سابق وزیر کے مطابق جیولوجیکل سروے آف پاکستان نے اس انکشاف کی تصدیق کی ہے اور ذخائر 32 کلومیٹر کی پٹی پر پائے گئے ہیں۔ سروے کے دوران 127 مختلف مقامات سے نمونے جمع کیے گئے، جس سے پنجاب کے قدرتی وسائل کی بے پناہ صلاحیت سامنے آئی ہے۔
ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ یہ اہم دریافت پاکستان کی معدنی دولت کے بہتر استعمال اور معاشی ترقی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے مواقع پیدا کرے گی۔