ایف بی آر کا 6 ارب روپے مالیت کی گاڑیوں کی خریداری کا منصوبہ

ایف بی آر کا 6 ارب روپے مالیت کی گاڑیوں کی خریداری کا منصوبہ

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف کی حکومت ایک جانب کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات کا دعویٰ کر رہی ہے، تو دوسری جانب وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 6 ارب روپے کی لاگت سے 1,010 ہونڈا سٹی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر نے ہونڈا اٹلس کو خط لکھ کر 1.2 لیٹر سی وی ٹی ماڈل کی گاڑیاں اضافی خصوصیات کے ساتھ خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ خریداری کا عمل دو مرحلوں میں مکمل ہوگا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں 500 گاڑیوں کی فوری خریداری کے لیے 3 ارب روپے ادا کیے جائیں گے، جبکہ باقی کھیپ کی ادائیگی پہلی کھیپ کی ترسیل کے بعد ہوگی۔


ایف بی آر کی جانب سے فراہم کردہ شیڈول کے مطابق:

جنوری 2025: 75 گاڑیاں
فروری 2025: 200 گاڑیاں
مارچ 2025: 225 گاڑیاں
اپریل 2025: 250 گاڑیاں
مئی 2025: 260 گاڑیاں



نئی گاڑیاں جدید خصوصیات سے لیس ہوں گی، جن میں نیویگیشن سسٹم، ریورس کیمرا، اور اعلیٰ معیار کا انٹیریئر شامل ہے۔ گاڑیاں 20,000 کلومیٹر یا 12 ماہ تک مفت مینٹیننس کے ساتھ فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، 4 سالہ توسیعی وارنٹی بھی شامل ہوگی جو 100,000 کلومیٹر تک کارآمد ہوگی۔

ایف بی آر نے گاڑیوں پر اپنے لوگو کی نمائش اور ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔


ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق، یہ خریداری ادارے کی "آپریشنل صلاحیت" کو بڑھانے کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑیاں فیلڈ افسران کو ان کے فرائض مؤثر طریقے سے انجام دینے میں مدد فراہم کریں گی۔


ملک میں جاری اقتصادی بحران اور کفایت شعاری کے دعووں کے تناظر میں ایف بی آر کے اس اقدام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔