سولر انرجی سے چلنے والی منفرد گاڑی: ایپٹیرا کی پیشرفت

سولر انرجی سے چلنے والی منفرد گاڑی: ایپٹیرا کی پیشرفت

کیلیفورنیا :ایپٹیرا کی سولر ٹیکنالوجی پر مبنی گاڑی کو بجلی سے چارج کرنے کی ضرورت نہ ہونے کے برابر ہے۔ سولر ای وی نامی یہ گاڑی خاص طور پر شمسی توانائی سے چلنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے تاکہ بجلی پر انحصار کم سے کم کیا جا سکے۔پہلے سولر انرجی سے چلنے والی گاڑیاں سائنس فکشن کا حصہ سمجھی جاتی تھیں، مگر ایپٹیرا نامی کمپنی نے اسے حقیقت میں بدل دیا ہے۔


کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ گاڑی روزانہ سورج کی روشنی سے 40 میل تک سفر کرنے کے لیے درکار توانائی جمع کر سکتی ہے۔ گاڑی کی سطح پر موجود 700 واٹس کے سولر پینلز اس توانائی کو جمع کرتے ہیں۔


یہ تین پہیوں کی گاڑی اسپیس شپ جیسا ڈیزائن رکھتی ہے اور ہوا کی رگڑ کو 70 فیصد تک کم کرنے کے لیے ہلکے وزن کا ڈھانچہ بنایا گیا ہے۔
گاڑی میں ایک 45 کلو واٹ بیٹری بھی شامل ہے، جو مکمل چارج ہونے پر 400 میل تک سفر کر سکتی ہے۔ بیٹری کو گھر کے کسی بھی عام چارجنگ پوائنٹ سے چارج کیا جا سکتا ہے۔


یہ گاڑی صرف 6 سیکنڈز میں صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لیتی ہے۔
گاڑی ابھی فروخت کے لیے دستیاب نہیں، لیکن پری آرڈرز میں 40 ہزار ڈالرز کی قیمت پر بکنگ کی جا سکتی ہے۔

کمپنی کو یقین ہے کہ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر یہ گاڑی صارفین کی توجہ کا مرکز بنے گی۔