لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے ڈرافٹ کی تقریب لاہور میں شاہی قلعہ کے حضوری باغ میں جاری ہے، جہاں فرنچائزز کے مالکان اور ٹیم مینجمنٹ شریک ہیں، جس میں پلاٹینم، ڈائیمنڈ اور گولڈ کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل ہو چکا ہے۔ فرنچائزز نے اپنی ٹیموں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔
لاہور قلندرز کے عاطف رانا، ثمین رانا اور کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی تقریب میں موجود ہیں، جبکہ اولمپئن ارشد ندیم بھی اس ایونٹ کا حصہ بنے ہیں۔ مختلف ٹیموں نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے۔
پلاٹینم کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے نیوزی لینڈ کے ڈیرل میچل کو منتخب کیا۔ کراچی کنگز نے آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر، نیوزی لینڈ کے ایڈم ملن اور عباس آفریدی کو چنا ، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین، فن ایلن اور پاکستان کے فہیم اشرف کو منتخب کیا۔
اس کے علاوہ پشاور زلمی نے ٹوم کوہلر کیڈ مور کو پلاٹینم کیٹیگری میں شامل کیا۔ملتان سلطانز نے کیوی کھلاڑی مائیکل بریسویل کو چنا اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے آسٹریلوی میتھیو شاٹ کو منتخب کیا۔
ڈائیمنڈ کیٹیگری میں کراچی کنگز نے خوشدل شاہ کو منتخب کیا ، پشاور زلمی نے جنوبی افریقا کے کاربن باش اور محمد علی کو چنا ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیسن ہولڈر کا انتخاب کیا اور لاہور قلندرز نے کوشال پریرا کو پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا۔
دوسری جانب گولڈ کیٹیگری میں پشاور زلمی نے وائلڈ کارڈ کے ذریعے عبدالصمد کا انتخاب کیا، اور بنگلادیش کے ناہید رنا اور حسین طلعت کو بھی چنا۔ ملتان سلطانز نے محمد حسنین اور کامران غلام کو منتخب کیا اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے بین دوارشویس کو چنا البتہ کراچی کنگز نے گولڈ کیٹیگری میں عامر جمال کو منتخب کیا۔