لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں میں پنجاب اور پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔ وہ مسکن راوی کے تحت مستحق افراد کو گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، جس میں 100 مستحق افراد کو گھر دیے گئے۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ یہ گھروں میں سولر یونٹس، سکول اور واٹر فلٹریشن پلانٹ شامل ہیں اور انہوں نے مستحقین کو یقین دلایا کہ ان کا حق کسی سے چھینا نہیں جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب میں ایک لاکھ افراد کو رواں سال اپنے گھر مل جائیں گے اور 5 سالوں میں 5 لاکھ خاندانوں کو اپنے گھر فراہم کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے دائرہ کار کو بڑھانے کا عہد کیا اور کہا کہ بہت جلد مزید ہزاروں گھروں کی تعمیر شروع ہو گی۔
مریم نواز نے نوازشریف کے وژن کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کے لیے کارڈز، لائیو اسٹاک کارڈز اور صحت کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورے پنجاب میں صفائی کے نظام کو مزید فعال کیا جائے گا اور 400 سڑکوں کی تعمیر جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے اعتماد کے ساتھ پنجاب میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور آئندہ پانچ سالوں میں پاکستان کی تقدیر کو بہتر بنانے کے لیے ان کی حکومت بھرپور کوشش کرے گی.