اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کے لیے ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔ وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین اور سعودی وزیر حج نے معاہدے پر دستخط کیے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق، اس سال پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد حج ادا کریں گے۔ معاہدے میں عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حجاج کو منیٰ میں خصوصی جگہ دی جائے گی، جس کے نرخ بھی کم ہوں گے۔ سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نئے پروگرام کے تحت، حج کے سفر کو مزید آرام دہ بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کی مدت کا ایک مختصر پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔ عازمین کو مدینہ منورہ میں 4 سے 8 دن کی مدت کے لیے رہائش کا انتخاب کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق، عازمین حج کو مخصوص بیگ فراہم کیے جائیں گے جن میں پاکستانی پرچم، کیو آر کوڈ اور متعلقہ معلومات شامل ہوں گی۔ مزید یہ کہ موبائل ایپ کے ذریعے عازمین کو حج سے متعلق تمام ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔